اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تمام کاوشیں بروئے کار لا کر ملک کو ہر مشکل سے نکالنے کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطی کیا اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے کے اہداف کی تکمیل پر مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے اور میں ملک کو ہر مشکل سے نکالنے کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے پاکستان کی وائٹ لسٹ میں واپسی کی راہ ہموار ہونے پر قوم اور عسکری قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے سول اور ملٹری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وائٹ لسٹ کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، تمام حکومتی اداروں، شخصیات اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، سب کی کاوشیں رنگ لائی ہیں اور وزیر مملکت حنار بانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کوسراہتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیٹف سے متعلق بنیادی سیل میں شامل فوجی اور سول قیادت اور ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، اس کامیابی کا کریڈٹ کورسیل کو جاتا ہے جو مسلسل قومی کاوش کے لیے کام کر رہے تھے۔