جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے، وزیراعظم نے عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں چالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے وفد کی پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی بینک اور پاکستان کی شراکت داری گزشتہ سات دہائیوں ہر محیط ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان میں ملکی تعمیر و ترقی کے حوالے سے متعدد بڑے منصوبے تعمیر ہوئے، جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیاہے۔ پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری سے استفادہ حاصل کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان میں متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی ، عالمی بینک کے حالیہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، جو خوش آئند ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 20 ارب ڈالر سے پاکستان میں صحت، تعلیم، ترقیِ نواجوانان اور دیگر سماجی شعبوں میں مختلف منصوبوں سے ترقی کا نیا باب کھلے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایف سی کے تحت پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا، عالمی بینک کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کے شکر گزار ہیں، پاکستان کا ادارہ جاتی و معاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے جاری ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت صحیح سمت اور ترقی کی جانب گامزن ہے، ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے ابھی مزید سفر طے کرنا ہے، معیشت کی بہتری کا سہرا ٹیم کی کوششوں کو جاتا ہے۔ملکی برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وفد کے شرکاء نے پاکستان کے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حکومت کے جاری اصلاحات کے پروگرام کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔

وفد پاکستان میں معاشی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں