ریاض : وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے پاکستان سے مسلسل تعاون پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور کہا مضبوط دوطرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت میں تبدیل ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں لکھا سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سےآج ریاض میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے تعمیری گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگوہوئی۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے پاکستان سے مسلسل تعاون پر ولی عہد کے مشکور ہیں، دوستانہ تعلقات اورخوشحالی کیلئے مشترکہ وژن کی بدولت باہمی تعلقات مستحکم ہورہے ہیں اور مضبوط دوطرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت میں تبدیل ہورہے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں امن کیلئے سعودی عرب کا کردارقابل ستائش ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ملاقات میں موجود تھیں۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پاک سعودی سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سعودی عرب کے عزم کو سراہا اور دونوں رہنماؤں کا دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔