اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج 4 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں ان کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج سےبائیس مارچ تک سعودی عرب کادورہ کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سےاہم ملاقات متوقع ہے۔
دورے کے دوران ملاقاتوں میں تجارتی شراکت داری،اقتصادی تعاون کےفروغ پرغورہوگا اور دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری پربات ہوگی۔
ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی امور اورغزہ کامعاملہ بھی زیرغور آئے گا۔
توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر سفارتی ہم آہنگی بڑھے گی۔
یاد رہے وزیر اعظم شہباز نے آخری بار گزشتہ سال دسمبر میں مملکت کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ‘ون واٹر سمٹ’ سے خطاب کیا تھا اور پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چھ نکاتی عالمی ایجنڈا تجویز کیا تھا۔