اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بجلی کے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو لوڈ شیڈنگ سے بچانے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایسےگرڈ اسٹیشنز جہاں وصولیوں کا تناسب کم ہے، وہاں توانائی ڈویژن جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے، تاکہ بل ادا کرنے والے صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں آئی جی سی ای پی منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی جی سیپ کی منصوبہ بندی 10 سال کے لیے کی جاتی ہے، جس میں ہر سال طلب و رسد کے مطابق تخمینوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا آئی جی سیپ کا مقصد توانائی کے شعبے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے، تاکہ بجلی کی پیداوار اور کم قیمت بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔
مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، بجلی پیداوار کا طویل مدتی پلان منظور
عمران خان نے کہا حکومت بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے طریقے میں اصلاحات لا رہی ہے، خواہش ہے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اس اجلاس میں بجلی پیداوار کا طویل مدتی پلان منظور کیا گیا ہے، نئے پلان کی منظوری کے بعد مہنگی بجلی کی پیداوار کا خاتمہ ہوگا۔ کونسل نے پن بجلی کو قابل تجدید توانائی کے اہداف میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی۔