تازہ ترین

2022 پاکستان کے لیے ایک مشکل سال تھا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2022 پاکستان کے لیے ایک مشکل سال تھا دعا ہے 2023 انسانیت کیلیے فلاح وبہبود اور امن وخوشحالی کا سال ثابت ہو۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سال نو 2023 کی آمد پر گزرے سال کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے 2022 کو پاکستان کے لیے مشکل سال قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 2022 پاکستان کیلیے ایک مشکل سال تھا۔ بدترین سیلاب نے ہماری معاشی مشکلات میں اضافہ کیا۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ 2023 کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور امن وخوشحالی کا باعث بنائے۔ سال نو میں اپنا وقت اور توانائیاں لوگوں کی تکالیف کم کرنے کیلیے استعمال کروں گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2022 میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا۔ 2023 میں سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کیلیے سرتوڑ کوشش کریں گے اور پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام کی طرف لے کر جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال دہشتگردی اور مہنگائی سے نجات کا سال ثابت ہو۔ سال نو کو نوجوانوں کے لیے مواقع کا سال بنائیں گے۔

وزیراعظم نے اپنے ایک اور بیان میں مزید کہا کہ نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کا سامنا ہے۔ نئے سال کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کیلیے استعمال کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں یہ بھی دعا کی کہ نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال بھی ثابت ہو۔

Comments

- Advertisement -