اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کے بعد اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کر دی ہیں، وزیراعظم کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈاپور بھی وزیر اعظم کے ہمراہ دورہ کریں گے وزیراعظم عمران خان متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے۔ وزیراعظم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔
آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں برفباری وبارشوں سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں آزاد کشمیر میں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔