کراچی : محکمہ موسمیات نے ملک میں آج محرم الحرام کا چاند ںظر آنے کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے محرم الحرام کے چاند کی پیدائش اور نظر آنے سے متعلق تفصیلات بتادیں۔
پی ایم ڈی نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ چاند کی پیدائش 6 جولائی کی رات 3 بجکر 57 منٹ پرہوگی۔
فلکیاتی پیرامیٹرز کے پیش نظر 29 ذی الحج 1445 ہجری 6 جولائی کی شام کو نیا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 جولائی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر15 گھنٹے 29 منٹ ہوگی، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 42 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جس سے چاند کی رویت پر مزید اثر پڑ سکتا ہے، محرم کا چاند 7 جولائی کو نظر آنے کے زیادہ امکانات ہیں۔
دریں اثنا محرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا،اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
جس میں چاند کی رویت کے حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے نئے اسلامی سال کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا۔