لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز پر چھڑی اچھالنے، جعلی نوٹ نچھاور کرنے اور اسٹیج پر کارکن کی بدتمیزی پر نون لیگی قیادت حرکت میں آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے حالیہ ناقص انتظامات پر ایکشن لیتے ہوئے 10 دسمبر کی ریلی کے لیے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کردی، ن لیگی قیادت جلسہ منتظمین کے برے انتظامات پر ناراض ہے۔
ذرایع نے بتایا کہ آئندہ اسٹیج پر کون ہوگا، پارٹی قیادت کو پہلے سے نام دینا ہوں گے، آئندہ ریلی میں بہتر انتظامات نہ ہونے پر مریم نوازخطاب نہیں کریں گی۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کل کی کامیاب ریلی کو ناقص انتظامات کے باعث خراب کیا گیا، آئندہ اسٹیج اور لوگوں میں مناسب فاصلہ رکھا جائے گا۔
مریم نواز پر جعلی نوٹ نچھاور، وفاق وزرا نے حقیقت بتادی
اس حوالے سے ذرایع کا یہ بھی کہنا تھا کہ 10دسمبر کی ریلی سے متعلق ارکان اسمبلی کو آگاہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی اہم بیٹھک لگنے والی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے، سینیٹر شیری رحمان ودیگر پارٹی رہنما بلاول بھٹو کے ہمراہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں رہنماؤں سے مشاورت کریں گے اور اہم امور پر بات چیت ہوگی۔
مشاورت کے بعد بلاول بھٹو پی ڈی ایم اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کریں گے۔