لاہور : مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے حکم کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز کے خلاف ایک منظم مہم چلائی گئی۔
اب اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اس مہم سے منسلک اکاونٹس مسلم لیگ کے ارکان کے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ ججز کیخلاف مہم 529 اکاؤنٹس نے شروع کی ، جنہیں مریم نواز فالو کر رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ججز کیخلاف بدنیتی پر مبنی ٹرینڈ کو فروغ دینے کے لیے ٹوئٹر پر کم از کم 11 ہزار ٹوئٹس کئے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب اور فہد حسین کو ساری مہم کے پیچھے ذمہ دار ٹھہرایا۔
انہوں نے کہا کہ "کچھ صحافیوں کو میڈیا سیل میں غیر سرکاری اسائنمنٹ پر رکھا گیا ہے کہ وہ ججز کے خلاف بیانیہ پیش کریں،”
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ایسی مہم کوئی نئی بات نہیں ہے اور وہ اس سے قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بھی ایسے ہی رجحانات کی قیادت کر چکے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید الزام لگایا کہ ججوں کے بعد اب ن لیگ کی قیادت فوجی افسران کے پیچھے جائے گی۔