لاہور : مسلم لیگ ن کے ارکان نے مونس الٰہی کو خفیہ رائے شماری کی شرط پر ووٹ پرویزالٰہی کو دینے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں عدم اعتماد کے بجائے نئے قائد ایوان کیلئے لابنگ شروع ہوگئی اور سیاسی جوڑ توڑ تیزی سے جاری ہے۔
مونس الٰہی نے ن لیگ کے متعددارکان صوبائی اسمبلی سے رابطہ کیا اور پرویز الہی کے لیے حمایت مانگ لی ، جس پر لیگی ارکان نے خفیہ رائے شماری کی صورت میں ووٹ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
پنجاب میں بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر ق لیگ کے رہنماؤں نے عبدالعلیم خان سے رابطہ کیا ، عبدالعلیم خان گروپ کے رہنما خالد محمود سے رابطہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ عبدالعلیم خان گروپ سے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ووٹ کی درخواست کی گئی، جس پر ،رہنما عبدالعلیم خان گروپ نے کہا کہ فیصلہ ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کریں گے۔
دوسری جانب ن لیگ کی سینئر قیادت نے بھی عبدالعلیم خان سے رابطہ کیا ، جس میں منحرف ارکان کو آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کی پیش کش کی تاہم پرویز الہی کے حمایت کے حوالے سے علیم اور ترین گروپ آج مشاورت کریں گے۔