لاہور: پیپلز پارٹی کی شدید تنقید کے باعث مسلم لیگ (ن) نے وفاقی بجٹ پاس ہونے پر غیر حاضر اراکین کا نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع نون لیگ کے مطابق بجٹ پاس ہونے کے دن ن لیگ کے بارہ اراکین غیر حاضر تھے، چھ اراکین نے پارٹی کو درخواست دی تھی کہ وہ اجلاس میں نہیں آسکتے جبکہ چھ ایم این ایز اسمبلی ہونے کے باوجود ایوان میں نہیں آئے۔
نون لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان سے غیرحاضر ارکان میں چوہدری عابد رضا ، شیخ روحیل اصغر، نجیب الدین اویسی ،عالم داد لیکا سمیت دیگر دو ایم این ایز شامل تھے، مذکورہ ارکان نے ایوان میں موجود ہونے کے باوجود قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ذرائع نون لیگ کا کہنا ہے کہ ان چھ ایم این ایز سے پارٹی پوچھ گچھ کرے گی، پارٹی کو بتائےبغیر نہ آنیوالے مطمئن نہ کر سکے تو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: اپوزیشن میں مزید دراڑ، پی پی پی کا اہم اعلان
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت متعدد لیگی ارکان غائب تھے، جس کا اظہار گذشتہ روز بلاول بھٹو نے قوی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا تھا، بلاول کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کے کچھ ارکان اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانبداری کے باعث بجٹ پاس ہوا۔
سیاسی حلقوں میں بھی یہ چہہ مگوئیاں کی جارہی تھی کہ کن وجوہات کی بنا پر لیگی ارکان قومی اسمبلی کے اہم ترین سیشن کے دوران غیر حاضر رہے جس کے باعث حکومت با آسانی بجٹ منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی۔