ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

‘حمزہ شہباز ایسی مرغی ہے جو سارے انڈوں پر خود بیٹھنا چاہتی ہے’

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز ایسی مرغی ہے جو سارے انڈوں پر خود بیٹھنا چاہتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر  پر ٹوئٹ اور اپنے ایک بیان میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز خود پنجاب کابینہ نہیں چاہتے وہ ایسی مرغی ہیں جو خود سارے انڈوں پر بیٹھنا چاہتی ہے۔

 

مونس الہٰی نے کہا کہ یہ پنجاب ہے حمزہ شہباز کا پولٹری فارم نہیں کہ وہ تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں، حمزہ ہوا میں انگلی لہراتے ہیں لیکن صرف انگلی لہرانے سے حکومت نہیں چلا کرتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حمزہ سنجیدہ ہوتے تو کابینہ کو کسی سے بھی حلف دلوا دیتے لیکن وہ تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم پنجاب میں ون مین شو نہیں چلنے دیں گے۔

مونس الہٰی نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کا وزیر اعلیٰ کے منصب پر رہنا بلاجواز اور غیر قانونی ہے اور اب وہ ایک سیکنڈ بھی اس کرسی پر نہیں بیٹھ سکتے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پریس کانفرنس میں سابق حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

حمزہ شہباز نے کہا تھا کہ عمران نیازی نے 4 سال ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا وہ ایک روز کہتا تھا کہ قوم کو خوشخبری سناؤں گا اور اگلے روز مہنگائی بڑھ جاتی تھی، یہ آئی ایم ایف کی شرائط بھی پوری کررہا تھا اور سبسڈی بھی دے رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف،شہبازشریف نےسکھایا اللہ کی مخلوق کی خدمت کرو، حق پر بات کرتا ہوں جھوٹی سچی رام کہانیاں نہیں سناتا، میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں اور نہ کوئی جادو ٹونا کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں