لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان نے اسد عمر کے استعفے پر وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے.
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا حکومت فیل ہوچکی ہے.
انھوں نے مزید کہا کہ اسد عمر پارٹی کے اہم ترین رہنما تھے، وہ کچھ نہیں کرسکے ،تو باقی مانگے تانگے کے لوگ ہیں، ان سے امید نہیں کی جاسکتی.
مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہر چیز آؤٹ آف کنٹرول ہوچکی ہے، وزیراور سیکریٹری خزانہ دونوں فلاپ ہو چکے ہیں.
انھوں نے سیکرٹری خزانہ کے انتخاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخاب کی وجہ سے وزارت کے ملازمین احتجا ج کر رہے ہیں، انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد حالات مزید بگڑ جائیں گے۔
خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تحریک انصاف کے رہنما نے آج ایک ٹویٹ کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب کابینہ میں کوئی وزارت اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔
کیا اسد عمر کے بعد وزیر پیٹرولیم بھی استعفے کا اعلان کر دیں گے؟
ٹویٹر پیغام میں انھوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل کے عمل میں وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں۔ تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سابق وزیر خزانہ کو طلب کر لیا ہے، ملاقات جلد متوقع ہے.