پسرور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے خون و پسینے کی کمائی پر بادشاہ سلامت کو مزے نہیں کرنے دیں گے۔
پسرور میں ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھیک مانگنے تک کشمیر آزاد نہیں ہو سکتا،خیرات مانگنے والوں کی غیرت برقرار نہیں رہتیں اور وہ آزادی سے جیسی نعمت سے محروم ہو جاتے ہیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے ن لیگ کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نواز حکومت نے پاکستانی عوام کا جو حشر کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی وہ کسانوں کا معاشی قتل عام کر رہی ہے اور مزدور طبقے کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر رکھا ہے۔
عمران خان نےوزیر اعظم نواز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے لوگوں نے نواز شریف کو زبردستی نکالا کہ کہیں ان کو بھی کوئی بڑی مصیبت نہ گھیر لے،لندن والوں کو ڈر تھا کہ نواز شریف لندن کو بھی پسرور نہ بنا دے،پسرور میں پانی نہیں،بجلی نا پید ہے اور گیس کبھی کبھی آتی ہے۔
وزیر اعظم کی پاکستان آمد کے لیے خصوصی جہاز کی لندن روانگی پر عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے کا ایک خصوصی جہاز بادشاہ سلامت کو لینے لندن جا رہا ہے، یہ کروڑوں روپے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے خرچ کئے جائیں گے۔
اس موقع پر عمران خان نے اعلان کیا کہ جہاز بھیجنے کیخلاف ہم پیر کو عدالت میں جائیں گے ،نواز شریف اپنے لوٹ کے پیسوں سے یہ فضول خرچی کرے۔
جلسے کے اختتام سے قبل عمران خان نے فضل الرحمان پر بھی شدید تنقید کی ،انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اور فضل الرحمن کے حوالے سے مزید باتیں سیالکوٹ میں ہوں گی میں وہاں جا کر اہم اعلان کروں گا۔
یاد رہے تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی آمد کے اعلان کے بعد نواز شریف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ملک بھر میں حکومت مخالف جلسوں کا اہتمام کرے گی اس سلسلے میں آج پسرور میں جلسہ ہوا جس کے بعد عمران خان سیالکوٹ روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ ایک اور جلسے سے خطاب کریں گے۔