کراچی : پولیس نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں شکار کھیلنے والے 2غیر ملکیوں کو ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا، مقدمے میں 2نامعلوم غیر ملکیوں کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، پولیس نے شکار کھیلنے والے 2غیر ملکیوں کو ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔
مقدمے میں 2نامعلوم غیر ملکیوں کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے ، مقدمے میں جام عبدالکریم اور جام اویس سمیت 16 ملزمان نامزد ہے جبکہ دو غیر ملکیوں سمیت 5 افرادنامعلوم ملزمان میں شامل ہیں۔
یاد رہے آج کراچی کی ملیر کورٹ میں ناظم جوکھیوقتل کیس کی سماعت ہوئی تھی، دوران سماعت پولیس نے ملزمان کےجسمانی ریمانڈمیں توسیع کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی جام اویس کے جسمانی ریمانڈ میں 16 نومبر تک توسیع کردی تھی۔
خیال رہے ناظم جوکھیو قتل کیس میں تفتیشی ٹیم نے موبائل ڈیٹاکی مدد سے تفتیش تیزکردی جبکہ جام گوٹھ میں افضل جوکھیو، نیاز اور جام عبدالکریم کے فون کی لوکیش سامنے آگئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول ناظم جوکھیو کی ویڈیوکوشواہد کےطورپراستعمال کرنےکافیصلہ کرلیا ، خدشہ ہے ناظم جوکھیو کو سر پر لگنے والا ڈنڈا جان لیوا ثابت ہوا ہو تاہم تفصیلی میڈیکل رپورٹ سےمزیدحقائق سامنےآئیں گے۔