کراچی: جیکسن پولیس نے کروڑوں مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق جیکسن پولیس نے انٹیلیجنس اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا کہ گرفتار ملزم بین الصوبائی منشیات فروش نیٹ ورک کا اہم کارندہ ہے، ملزم محمد خان عرف مدا کے قبضے سے 56 کلو چرس برآمد کی گئی۔
ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا، ملزم منشیات سپلائی کے لیے رکشے میں نکلا تھا، برآمد شدہ منشیات کو بوریوں میں رکھا ہوا تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق کارروائی کے دوران صدام حسین اور زاہد نامی ملزمان فرار ہوگئے، منشیات کو مختلف پارٹیوں کے حوالے کرنا تھا، ابتدائی طور پر برآمد شدہ چرس سوات سے لائی گئی ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔