کراچی: پولیس نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اُن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن 11 نمبر قبرستان کے قریب تھانہ اقبال مارکیٹ کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت شہزاد، نور محمد، عبدالمنان، ارسلا خان اور سلام خان کے نام سے ہوئی جن کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے، ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف، نائن ایم ایم پستول ، 4 دستی بم کے علاوہ دھماکہ خیز موار اور آدھا کلو بال بیرنگ بھی برآمد کیے گیے ہیں۔
پڑھیں: ’’ رینجرز کی کارروائی، اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد ‘‘
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ڈیڑھ بارودی فیتا برآمد ہوا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملزمان بم بنانے کے ماہر تھے، گرفتار افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کا اندراج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیڈرل بی ایریا کے صنعتی علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکرجھنگوی سے تعلق رکھنے والے ایک کارندے کو گرفتار کر کے اُس کے قبضے سے کلاشنکوف، دستی بم اور گولیاں برآمد کرلی ہیں۔