راولپنڈی: پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کے قتل کیس میں مزید دو ملزمان نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گجرات کی پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثنا چیمہ قتل کیس کی تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی اور فرار ہونے والے دو ملزمان ائیر پورٹ سےقانون کی گرفت میں آگئے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملزمان اعجاز خضر اور فراز خضر استنبول فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جنہیں ایف آئی اے نے حراست میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے نے متعلقہ پولیس سے ملزمان کی حوالگی کے لیے رابطہ کیا ہے۔
یاد رہے 9 مئی کو پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کے قتل کی تصدیق ہوئی تھی اور فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ثنا کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 18 اپریل کو گجرات میں پسند کی شادی کی خواہش پر اہلخانہ نے غیرت کےنام پر اپنی اطالوی بیٹی کو قتل کردیا تھا جبکہ اس کی موت کو اتفاقیہ قرار دے کر دفنا دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : گجرات: غیرت کے نام پر پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کا قتل
ثناء چیمہ کے مبینہ قتل کی خبر جب انٹرنیشنل میڈیا اور سوشل میڈیا پر نشر ہوئی تو کنجاہ پولیس نے ثناء چیمہ کے باپ غلام مصطفےٰ چیمہ بھائی اور چچا کو حراست میں لے کر قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ثنا چیمہ ،راجہ کامران سے شادی کرنا چاہتی تھی، راجہ کامران ثناچیمہ کی موت سے چندروز قبل اٹلی واپس گیا تھا، مبینہ قتل کی خبر راجہ کامران نےہی اٹلی کے اخبارات کو دی۔
گزشتہ ماہ 25 اپریل کو عدالت کے حکم پر ثناء چیمہ کی قبر کشائی کی گئی تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ کیا ثناء چیمہ کو قتل کیا گیا تھا یا اس کی موت اتفاقیہ ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ ثناء چیمہ نے انیس اپریل کو کامران نامی پاکستانی نژاد سے شادی کرنے کے لئے اٹلی جانا تھا اور اٹلی روانگی سے ایک روز قبل ہی اسے قتل کر دیا گیا تھا۔