اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج صبح تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گاڑی بی ایم ڈبلیو (QL-104) کی ٹکر سے زخمی ہونے والے شخص کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں نے حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پرموجود شہریوں نے دونوں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ بھارتی ہائی کمیشن کے دونوں اہلکاروں کی شناخت سلوادیس پال اور دوامو براہمو کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اعلیٰ افسران فرسٹ سیکرٹری پولیٹیکل،نیول اتاشی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو لینے تھانہ سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکار آج صبح سے لاپتہ ہیں اور دونوں کے موبائل فون بھی بند ہیں۔