کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اور پولیس میں مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح 5 بجے گلستان جوہر بلاک 15 میں ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، پولیس اور ملزمان میں 15 منٹ تک مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سامان سے بھرا رکشہ چھوڑ کر فرار ہوئے، اے آر وائی نیوز نے مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی، جس میں ملزمان کے پیچھے موٹر سائیکل سوار اہل کاروں کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ آج صبح 4 ملزمان ایک بنگلے سے ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، ملزمان ایک رکشے اور ایک کار میں آئے تھے، اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان 15 منٹ تک مقابلہ چلا، شبہ ہے کہ فائرنگ سے رکشے میں سوار ملزمان زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم رکشہ چھوڑ کر کار میں فرار ہوئے، رکشے میں موجود سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے، فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں پولیس کی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔