کراچی: ناردرن بائی پاس کے قریب اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کاروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو اغواء کار ہلاک ہوگئے جبکہ مغوی کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
ایس ایس پی فاروق اعوان نے بتایا کہ سی پی ایل سی کی تکنیکی معلومات پر کاروائی کرتے ہوئے ایس آئی یو کی ٹیم ناردرن بائی پاس پہنچی اور اغواء کاروں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارکاروائی کی تو اغواء کاروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ میں دو اغواء کار ہلاک ہوگئے جبکہ دو ہفتے قبل اغوا کئے گئے نجی بینک کے نائب صدرغوث کو بازیاب کرالیا گیا۔
واضح رہے کہ اغواء کارغوث کی رہائی کیلئے اہل خانہ سے دس کروڑ روپے تاوان طلب کررہے تھے۔
ہلاک اغواء کاروں کی لاشیں ضابطے کی کاروائی کے لئے اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔