جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

امجد صابری اور اویس شاہ کیس، پولیس کو جلد کامیابی حاصل ہوگی، آئی جی کا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

کر اچی : آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے ، پولیس کو جلد کامیابی حاصل ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اے ڈی خواجہ نے سی پی ایل سی کے دفتر میں منعقدہ سیمنار میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ٹیکنالوجی کے حصول کے بغیر جرائم پر قابو پانا ناممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ’’اسلام آباد میں جرائم نہ ہونےکی وجہ وہاں پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے ہیں پورے اسلام آباد میں 15 ارب روپے کے کیمرے نصب کیے گیے ہیں ، یہ علاقے کراچی کے ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے بھی چھوٹا علاقہ ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں 2200 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن میں سے بیشتر خراب ہیں، شہر میں نصب کیمرے 2 میگا پکسل کے ہیں جن میں مجرمان کے چہرے واضح نہیں ہوتے جس کے باعث اُن کی گرفتاری نہیں ہو پاتی تاہم یہ کیمرے زیادہ دور تک فوکس کرنے کے اہل بھی نہیں ہیں۔

اے ڈی خواجہ نے کہا کہ امجد صابری قتل کیس اور اویس شاہ اغوا کیس کی تحقیقات صیح سمت میں جارہی ہیں تاہم اس حوالے سے میڈیا کو بعد میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا، شہر میں جرائم کو قابو پانے کے لیے ایک لاکھ کیمروں کی ضرورت ہے تاہم پہلے سے نصب کیمروں کو اپ گریڈ کرنے اور اُن کی مرمت کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اس تقریب میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب، سابق آئی جی سندھ شعیب سڈل سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں