جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

پولیس افسر کی بلاوجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک پولیس افسر کی بلاوجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جس میں پولیس افسر کو محکمانہ قواعد کی دھجیاں اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کراچی کے ڈی ایس پی فیصل خان کی سرکاری اسلحہ چلانے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، ویڈیو میں فیصل خان کو نائن ایم ایم اور کلاشکوف سے فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس افسر کی جانب سے یہ فائرنگ کسی شوٹنگ رینج کی بجائے سرکاری زمین پر کی گئی ہے، ایک سنسان جگہ پر فائرنگ کرتے ہوئے پولیس افسر نے ویڈیو بھی بنوائی۔

فوٹیج میں ویڈیو بنانے والے کی آواز بھی سنائی دیتی ہے، جیسے ہی ویڈیو بنانے والا ’چلیں سر‘ کہتا ہے ڈی ایس پی فیصل خان فائرنگ کرنے لگتے ہیں، پولیس افسر کبھی سنگل فائر تو کبھی برسٹ چلاتے رہے۔

واضح رہے کہ پولیس کے ریفریشر کورس رزاق آباد یا سعید آباد ٹریننگ سینٹر پر کرائے جاتے ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی سرکاری افسر کو بلا وجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

کسی بھی پولیس ملازم کو چاہے وہ کسی بھی رینک کا ہو، جب اسے اسلحہ چیک کرنا ہو یا ری فریشر کرنا یا نشانہ بازی کرنی ہو، تو اس کو باقاعدہ بالا افسران سے اجازت لے کر ٹریننگ سینٹر جانا ہوتا ہے، جہاں ایس او پیز کا باقاعدہ خیال رکھا جاتا ہے جیسا کہ کانوں پر ہیڈ فون لگانا وغیرہ۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں