لاہور: پنجاب پولیس نے لاہور کے حلقہ پی پی 167 میں قائم تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا ہے۔
اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار شبر گجر کا کہنا ہے کہ 15 پولیس گاڑیوں پر آئی نفری نےاللہ ہو چوک پر واقع ان کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے اور ہمارے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لےلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نفری نے مرکزی دفتر میں توڑ پھوڑ بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چیف الیکشن کمشنر کا لاہور میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا نوٹس
خیال رہے کہ پی پی 167 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم جاری ہے، اس دوران رات گئے لیگی امیدوار نے پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر دھاوا بول کر فائرنگ کی تھی، جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پی ٹی آئی امیدوار شبیر گجر کے بھائی خالد گجر کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لیگی امیدوار نذیر چوہان نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا اور ہمارے انتخابی پوسٹر اتار دیے، ان کا کہنا تھا کہ نذیر چوہان کے ہمراہ ڈولفن فورس اور پولیس اہلکار بھی تھے۔
خالد گجر کا کہنا تھا کہ گاڑی کی ٹکر سے ان کا بیٹا زخمی ہوا جو جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، انھوں نے بتایا کہ دفتر پر حملے کے مقدمے کے لیے ان کی جانب سے تھانے میں درخواست بھی دے دی گئی ہے، تاہم پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکار کررہی ہے۔
دوسری جانب امیدوار مسلم لیگ ن نذیر چوہان نے بھی الزام لگایا تھا کہ انتخابی مہم کے بعد گھر جاتے ہوئے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے میری گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔