راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے ” حقیقی آزادی مارچ” سے قبل پولیس نے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی لال حویلی پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رات گئے پولیس نے شیخ رشیداحمد اور شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لئے لال حویلی پر چھاپا مارا، چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
پولیس راولپنڈی لال حویلی میں داخل ہو رہی ہے#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/vq1bGwkPbd
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 24, 2022
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے شیخ رشید کی لال حویلی کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور پولیس اہلکار لال حویلی کے اطراف پوزیشن لئے کھڑے ہیں تاہم عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کی جانب سے ایک ویڈیو بھی وائرل کی گئی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری لال حویلی میں داخل ہوگئی ہے۔
#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/We3VUtXOFe
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 23, 2022
واضح رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چار گاڑیوں میں سادہ لباس پولیس اہلکار میری گرفتاری کیلیے گھرکے باہرموجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘گھر کے باہر پولیس کھڑی ہے گرفتاری سے گھبرانے والا نہیں’
انہوں نے امید ظاہر کی کہ میں گرفتار نہیں ہوں گا، اللہ بہتر کرے گا، میں 25 مئی دن دو بجے لال حویلی سے نکلوں گا، میں ڈرنے والا نہیں ہوں، اللہ کی مدد پر یقین رکھتا ہوں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے فوری مگر شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی، مارچ کے پیش نظر حکومت نے بھی کمر کس لی اور ڈی چوک کے اطراف کے مقامات کو سیل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ ملک بھر میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔