پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی پولیس نے زمان پارک کے باہر نصب بیریئرز اور خار دار تار ہٹانا شروع کردیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان چار مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہونے کے لیے آج صبح اپنی رہائشگاہ زمان پارک سے قافلے کی صورت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
عمران خان کے لاہور سے روانہ ہوتے ہی پولیس حرکت میں آگئی اور زمان پارک میں واقع پی ٹی آئی چیئرمین کی رہائشگاہ کے باہر لگائے گئے حفاظتی بیریئرز اور خاردار تاروں کو ہٹانا شروع کردیا ہے۔
پولیس نے نہ صرف حفاظتی بیریئرز بلکہ خار دار تاریں بھی ہٹا دیں اور وہاں کارکنوں کے لیے لگائے گئے ٹینٹس اور کرسیوں کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان زمان پارک سے اسلام آباد روانہ
پولیس بیریئرز کو ہٹانے کے بعد اپنے ہمراہ لے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بیریئرز اور خاردار تاروں کو پی ایس ایل کے باعث دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے۔