کراچی: سندھ پولیس نے شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں قتل ہونے والی کینڈین خاتون کے قتل کا معمہ حل کردیا، مقتولہ کو ایم کیو ایم لندن کے کارندوں نے قتل کیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 13 میں 26 اگست 2019 کو قتل ہونے والی کینڈین خاتون ڈاکٹر عائشہ کو ڈکیتی واردات کے دوران قتل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ تھانہ شاہراہ فیصل کے ایس ایچ او سرور کمانڈو کی سالی تھی۔
تھانہ اقبال مارکیٹ پولیس نے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا جنہوں نے مبینہ طور پر ڈاکٹر عائشہ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے بتایا جارہاہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں اشتہاری ملزم رحمت علی خان عرف وصولی بھی شامل ہے جبکہ اُس کے ساتھی ابرہیم علی خان عرف انور انور (انو) کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق قتل میں ملوث ایک ملزم فیصل خان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان نے ماضی میں ایم کیو ایم لندن کے لیے بھتہ جمع کرنے کا اعتراف بھی کیاہے۔
ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عائشہ شادی میں شرکت کرنے کے لیے کینیڈا سے کراچی پہنچی تھیں۔