لاہور: پنجاب اسمبلی کی غیر معمولی اجلاس سے قبل اسمبلی کو چاروں اطراف سے بند کر دیا گیا، آج صبح پولیس نے پنجاب اسمبلی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے پنجاب اسمبلی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اسمبلی کے تمام دروازوں پر اہل کار تعینات کر دیے گئے، پنجاب اسمبلی کو چاروں اطراف سے بھی بند کر دیا گیا، قریبی سڑکوں پر ہو کا عالم ہے، موٹر سائیکل سمیت کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
مال روڈ گیٹ پر پولیس تعینات ہے، ملازمین کو بھی اندر جانے نہیں دیا جا رہا بیریئرز لگا کر پولیس نے عوام اور میڈیا کا راستہ بند کر دیا ہے، اسمبلی کے قریب رہنے والوں کو آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے قریب ریگل چوک ہال روڈ سے مال روڈ تک بند کر دیا گیا ہے، ریگل چوک مسجد شہدا سے جانے والا سیسل چوہدری روڈ بھی بند کر دیا گیا، سی سی پی او آفس سے اسمبلی ہال تک کوئنز روڈ، الحمرا ہال کی طرف سے مال روڈ، ایجرٹن روڈ، منٹگمری روڈ سے ڈیوٹی فری شاپ جانے والی سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
پی پی پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کو اسمبلی میں داخلے سے روک دیا گیا، حسن مرتضیٰ پولیس کو اپنا اسٹاف ساتھ لے کر جانے پر اصرار کرتے رہے، اور کہا میں اپنے اسٹاف کے بغیر نہیں جاؤں گا، جب کہ نئے ایس او پیز کے مطابق ایوان میں صرف اسمبلی رکن ہی جا سکتا ہے، اور کوئی نہیں۔
ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جانے کا فیصلہ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے فیز میں 15 سے 20 ارکان پنجاب اسمبلی جائیں گے، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے ارکان میڈیا کو ساتھ لے کر جائیں گے، کیوں کہ ان کا کہنا ہے کہ اسمبلی کے اندر کچھ غیر متعلقہ افراد موجود ہیں۔ واضح رہے کہ اسمبلی کے نئے ایس او پیز کے مطابق میڈیا پر بھی اندر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے، اجلاس ساڑھے بارہ بجے ہوگا، پہلے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 30 مئی کو طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، پنجاب اسمبلی اجلاس کی تاریخ تیسری بار تبدیل کی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس روکنے کے لیے رات گئے پولیس کی کارروائیاں، ڈی جی پارلیمانی امور گرفتار
دوسری طرف اسپیکر پرویز الہٰی نے ارکان اسمبلی کو سیکرٹریٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا ارکان اسمبلی 12 بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں، دیکھتے ہیں منتخب ارکان کو کون اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے، حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کا آج کا اجلاس روکنے کے لیے رات گئے پولیس نے کارروائیاں بھی کیں، اور ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین کو گرفتار کر کے لے گئی، رات گئے پنجاب اسمبلی کے سینیئر افسران کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، پولیس دیواریں پھلانگ کر گھروں کے اندر داخل ہوئی، سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکریٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔