تازہ ترین

عزم وہمت کی اعلیٰ مثال، پولیو سے متاثرہ نوجوان بنا ’’مسٹر پاکستان‘‘

کراچی کے راشد مغل جو بچپن میں پولیو سے متاثر ہوئے لیکن ہمت نہ ہاری باڈی بلڈنگ کے مشکل شعبے میں لوہا منوایا اور مسٹر پاکستان کا ٹائٹل پایا۔

ہمت اور لگن ہو تو کوئی معذوری مجبوری نہیں بن سکتی اور یہ ثابت کیا کراچی کے راشد مغل نے جنہوں نے پولیو کا شکار ہونے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور دوسرے لوگوں کے لیے مثال بنتے ہوئے باڈی بلڈنگ جیسے مشکل شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی گرین ٹاؤن کے رہائشی راشد مغل کو بچپن میں پولیو لاحق ہوا تھا۔ گرتے سنبھلتے زندگی کی کئی بہاریں دیکھنے کے بعد خود کو معاشرے کا سامنا کرنے کیلئے تیار کیا اور باڈی بلڈنگ کا شعبہ اپنا لیا۔

معذور تن ساز اپنی انتھک محنت اور ہمت سے پہلے مسٹر کراچی اور پھر مسٹر سندھ بنے لیکن وہ یہاں رُکے نہیں بلکہ آگے بڑھنے کے عزم نے انہیں ڈس ایبلڈ مسٹر پاکستان کے اعزاز تک پہنچا دیا تاہم شہر قائد سے لے کر صوبہ سندھ اور پھر پاکستان کا ٹائٹل سینے پر سجانے کے باوجود راشد مغل کو وہ پذیرائی نہ مل سکی جو دوسروں کا مقدر ٹھہری۔

سرکاری سطح پر پذیرائی نہ ملنے کے باوجود ارشد مغل کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے زندگی میں کوئی چیز ناممکن نہیں کے مقولے پر عمل کرتے ہوئے بین الاقوامی مقابلے کی تیاری کرنا اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنا اپنا مقصد حیات بنا لیا ہے۔

 

راشد مغل کہتے ہیں کہ موجودہ حالات میں کرائے کا مکان اور جم سے ملنے والی ناکافی آمدنی مشکلات بڑھا رہی ہے لیکن آگے بڑھنے کی جستجو ہمت باندھ دیتی ہے۔ ان کا متعلقہ حکام سے صرف اتنا مطالبہ ہے کہ باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں معذوروں کی کیٹیگری شامل کی جائے۔

Comments

- Advertisement -