اشتہار

چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، خاتون پولیو ورکر جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چمن کے علاقے سلطان زئی میں موٹر سائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون پولیو ورکر نسرین جاں بحق ہوگئیں۔

ان کے ساتھ موجود پولیو ورکر 24 سالہ راشدہ شدید زخمی ہوئیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

- Advertisement -

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق واقعہ کے بعد ابتدائی طور پر سلطان زئی کے علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر معطل کردی گئی تاہم بعد میں چمن کے تمام ضلعوں میں مہم روک دی گئی۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

افسوسناک واقعے پر وزیر اعظم کے مشیر برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی۔

دوسری جانب سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے شاہی بازار میں ایک شخص نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر کے ٹیم کو گھر سے نکال دیا۔

پولیو ٹیم شکایت درج کروانے تھانے پہنچی تو شہری اور اس کے ساتھیوں نے ٹیم کے ڈرائیور پر تشدد بھی کیا جس کے بعد پولیو ورکرز نے ملزمان کی گرفتاری اور تحفظ کی فراہمی تک مہم چلانے سے انکار کردیا۔

پولیس کے مطابق معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کر کے گرفتاری کریں گے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پشاور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے دن پولیو ویکسین کے ری ایکشن کی شکایت پر چند بچوں کو اسپتال لایا گیا تھا، خبر پھیلنے پر بے شمار خوفزدہ والدین اپنے تندرست بچوں کو بھی اسپتال لے آئے۔

اس دوران مشتعل مظاہرین نے ڈی ایچ او اسپتال کی دیواریں گرا دی تھیں اور عمارت کو آگ بھی لگا دی تھی۔

بعد ازاں خیبر پختونخواہ میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش اس وقت بے نقاب ہوگئی جبسوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈرامہ طشت از بام کر دیا۔

ویڈیو میں ایک شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈرامہ کرواتا دکھائی دیا جبکہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔

بچوں سے بے ہوشی کا ڈرامہ کروانے والے ملزم نذر محمد کو بعد ازاں بڈھ بیر پولیس نے گرفتار کر لیا تھا جبکہ انسداد پولیو مہم کےخلاف احتجاج کرنے والے 12 افراد کے خلاف پرچہ بھی درج کرلیا گیا، علاوہ ازیں سرکاری املاک کا جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں