The news is by your side.

Advertisement

دو ہزار سال قدیم غیر معمولی حد تک محفوظ لاشیں دریافت

روم: اٹلی میں کھدائی کے دوران  دو ہزار سال قدیم دو افراد کی جلی ہوئی لاشیں دریافت ہوئیں، جو حیران کن طور پر غیر معمولی حد تک محفوظ ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے شہر پومپے میں کھدائی کے دوران محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین کو دو ایسی لاشیں ملیں جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ دو ہزار سال قدیم ہیں۔

ماہرین کے مطابق 79 میں پھٹنے والے آتش فشاں کی زد میں آکر پومپے کا علاقہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔

آثار قدیمہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاش میں سے ایک کی عمر تیس سے چالیس جبکہ دوسرے کی عمر 18 سے 23 سال کے درمیان ہے۔

اٹلی کے وزیر برائے محکمہ ثقافت و آثار قدیمہ کا کہنا تھا کہ ایک لاش کی گردن کے نیچے سے اون کے بُنے چوغے کے نشانات ملے ہیں جس سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ وہ عمر میں بڑا اور امیر شخص تھا جبکہ دوسری لاش پرایسے نشانات ہیں جس سے اندازہ لگایا گیا کہ وہ بہت زیادہ مشقت کرنے والا نوجوان تھا۔

مزید پڑھیں: کروڑوں‌ سال قدیم دیوقامت شارک کا دانت دریافت

یہ بھی پڑھیں: 5000 سال قدیم آپریشن ہوئی کھوپڑی دریافت

ماہرین کے مطابق زمین کی گہرائی سے برآمد ہونے والی دونوں لاشیں ایک چیمبر میں موجود تھیں جن کے دانت اور ہڈیاں بالکل محفوظ ہیں جبکہ اُن کے بال اور جسم پر تھوڑا گوشت بھی موجود ہے۔

محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین نے لاشوں پر پلاسٹر چڑھا دیا ہے جس سے دونوں کے جسم کے خدوخال نمایاں ہورہے ہیں۔

ماہرین نے ان لاشوں کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری منتقل کردیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

پومپے کے محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر ماسیمو اوسانو کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں سنہ 79 میں پہاڑ سے جب لاوا نکلا ہوگا تو یہ دونوں حفاظتی مقام کی تلاش میں چیمبر تک پہنچے مگر بدقسمتی سے وہ بھی آتش فشاں کی زد میں آگئے‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں