سرگودھا: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ قومی معاملات پرسیاست نہیں بلکہ حل کے لیے مثبت تجاویز دینی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں ہم نے کسان کا نقصان نہیں ہونے دیا، عام اور غریب آدمی اور اس کے بچے ہمارا محور تھا، بھیک مانگنے والے بچوں کی بحالی کا ادارہ بھی بنایا۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے ہی بہتری لاسکتے ہیں، بلدیاتی ادارے ہوتے تو حکومت کو اتنی پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، ہر پارٹی سیاست کرے لیکن قومی معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہماری اور دیگر جماعتوں کی شناخت پاکستان کی وجہ سے ہے، یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے اس میں ہمیں اکھٹا ہونا چاہیے، معیشت کو اوپر لے کر جانا ہے اور پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر اعلٰی تھا تو جی ڈی پی 8.5 تھی جو آج تک نہیں ہوسکی۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ فی الحال قومی سطح پر غریب عوام کی بہتری کے لیے سوچنے کی ضرورت ہے، بلدیاتی انتخابات ہوتے تو مہنگائی کا طوفان کنٹرول کیا جاسکتا تھا، بلدیاتی اداروں کا رابطہ براہ راست نچلی سطح پر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کافی بہتری کی ہے، اسمبلی میں تحمل، صبر اور بردباری کی زیادہ ضرورت ہے، ہماری کارکردگی ،مزاج بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگی۔