اسلام آباد : انتخابات میں ممکنہ تاخیر کے پیش نظر پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم روک دی، بلاول بھٹو نے 17 جون کو سوات سے انتخابی مہم شروع کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی عام انتخابات کے بروقت انعقاد سے متعلق غیر یقینی کا شکار ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ انتخابات میں ممکنہ تاخیر کے پیش نظر پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم روک دی،بلاول بھٹو نے 17 جون کو سوات سے انتخابی مہم شروع کی تھی۔
پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹی ،بڑی سیاسی جماعتیں انتخابات میں ممکنہ تاخیر سے آگاہ ہیں اور عالمی انتخابی آبزرور الیکشن کے بروقت انعقاد بارےغیر یقینی کا شکار ہیں۔
پیپلزپارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نگران سیٹ اپ کے طویل ہونے کا امکان ہے، سیاسی قیادت ممکنہ طویل نگران سیٹ اپ کو زیر بحث لا چکی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا انتخابی مہم تاحال شروع نہ کرنا معنی خیز ہے، اسمبلی مدت ختم، کسی جماعت نے انتخابی مہم شروع نہیں کی جبکہ ماضی میں حکمران جماعت 6 ماہ قبل انتخابی مہم کا آغاز کرتی تھی۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں نے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز،انتخابی جلسوں کا اعلان نہیں کیا اور پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں بڑا اضافہ الیکشن تاخیر کی دلیل ہے۔