سکھر : بجلی کے بل کی عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹنے کیلئے آنے والے عملے کو درزیوں نے حملہ کرکے زخمی کردیا، قیننچیوں کے وار لگنے سے سیپکو کے تین ملازمین لہولہان ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے روہڑی کے شاہی بازار میں سکھر الیکٹرک سپلائی پاور کارپوریشن (سیپکو) کا عملہ کنکشن منقطع کرنے پہنچا تو وہاں موجود مشتعل لوگوں نے ان پر حملہ کردیا۔
تلخ کلامی کے بعد بجلی کا کنکشن کاٹنے پرمارکیٹ کے درزیوں نے قینچیاں مار کر سیپکو عملے کو لہولہان کردیا، واقعے میں سیپکو کے 3ملازم زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے سیپکو ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے دو لاکھ روپے بل ادا نہ کرنے پر مارکیٹ کا کنکشن منقطع کرنے کا حکم دیا گیا تھا جیسے ہی وہاں پہنچے تو ہم پر حملہ کردیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا رہے ہیں، پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ کی تو ہڑتال کردیں گے۔