تازہ ترین

پاور ڈویژن حکام بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق لاعلم نکلے

اسلام آباد : پاور ڈویژن حکام بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق لاعلم نکلے اور کہا ہمیں ابھی تک بجلی ٹیرف کے حوالے سے تفصیلات شیئر نہیں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹرسیف اللہ ابڑو کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس ہوا، قائمہ کمیٹی پاور نے قیمتوں میں اضافے سے متعلق استفسار کیا تو حکام نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری پاور نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے معاملات وزارت خزانہ نے فائنل کرنے ہیں، ہمیں ابھی تک بجلی ٹیرف کے حوالے سے تفصیلات شیئر نہیں ہوئی، کتنا اضافہ ہونا ہے تفصیلات آئے گی تب ہی بتاسکتے ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے بجلی قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات طلب کرلیں اور سفارش کی کہ آئندہ اجلاس میں تمام ریکارڈ کمیٹی میں پیش کیا جائے۔

کمیٹی میں وفاقی وزیر پاور انجینئر خرم دستگیر کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔

پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جا رہا،ریکوریاں موخر کی گئی تھی وہ اب وصول کی جائیں گی، سیلاب کی وجہ سے ریکوریاں موخر کی گئی تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کے یونٹ کے بنیادی چارجز میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، بجلی کے بلوں میں اضافہ ضرور ہوگا،آئی ایم ایف سے وزارت خزانہ مذاکرات کر رہی ہے، جولائی میں بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔

Comments

- Advertisement -