اسلام آباد : ملک بھر میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7ہزارمیگاواٹ سےتجاوزکرگیا اور ملک کے طول و عرض میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کے تمام تر اعلانات اور اقدامات کے باوجود بجلی کی لوڈشیدنگ میں کمی نہ آسکی ، ملک بھر میں بجلی کا بحران بدستور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7ہزارمیگاواٹ سےتجاوزکرگیا ، جس میں بجلی کی مجموعی طلب 24 ہزار میگا واٹ اور پیداوار17ہزارمیگاواٹ ہے۔
ملک کے طول و عرض میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہری علاقوں میں بجلی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16 سے 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس تاحال بند ہے جبکہ متعدد پاور پلانٹس پیداواری صلاحیت سے کم بجلی دے رہے ہیں۔
شہری شدید گرمی اور رمضان میں بجلی کی طویل بندش پر شدید اذیت کا شکار ہے جبکہ وزیرتوانائی خرم دستگیر کا مؤقف بھی تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔