سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف میں گزشتہ رات ہونے والی ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق دنوں رہنماؤں کی ملاقات نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ ملاقات سے قبل دونوں جماعتوں کے رہنما الیکشن مہم میں کے دوران ہونے والی تنقید پر شکوے کرتے بھی نظر آئے۔
شہباز شریف نے آصف زرداری سے شکوہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بےجا تنقید کی جس پر آصف زرداری نے کہا کہ وہ الیکشن کاحصہ تھا اس کو ختم کیا جائے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب آپ بھی تو پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے رہے۔ اب حکومت سازی کے لیے معاملات کو طے کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں استحکام کےلیے مل کر فارمولا طے کرنا ہوگا۔ ہم اپنی جماعت سے مشاورت کرتے ہیں، آپ بھی کر لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے نوازشریف سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔ دونوں جماعتیں مشاورت کے بعد بات چیت آگے بڑھائیں گی۔