اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے سلیکٹ ہونے کا نقصان ملک کو ہوا، ایک شخص کی انا کی وجہ سے نقصان عوام کو اٹھانا پڑا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ سب کے سامنے ہے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، ملک میں جمہوریت کی تاریخ شاید عمران خان کے لیے نئی ہو مگر پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لیے اپنا خون دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں مسلط کیے گئے وزیراعظم کو عوام کو برداشت کرنا پڑا، ان کے وزیر اعظم ہونے سے ملک کو نقصان ہوا اور خارجہ پالیسی سمیت معیشت کو نقصان پہنچا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کا کوئی جمہوری مقصد نہیں ہے، ملک کے ادارے ماضی کی طرح متنازع کردار ادا نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی، ان کی کوشش تھی کہ تبدیلی کو روک لیا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے مئی میں کوشش کی کہ آئی ایم ایف ڈیل کو سبوتاژ کریں وہ جلاؤ گھیراؤ کرکے آئی ایم ایف کو روکنا چاہتے ہیں۔