کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی 90 روز میں عام انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وفد تشکیل دیا ہے جو کل الیکشن کمیششن حکام سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد میں نیئر بخاری، نوید قمر، مراد علی شاہ، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی پی وفد الیکشن کمیشن سے 90 روز میں الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کرے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے صدر نے الیکشن کی تاریخ دی تو ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صاف شفاف اور جعلی الیکشن کے درمیان اگر ہفتوں اور مہینوں کا فرق ہے تو یہ خسارے کا سودا ہرگز نہیں۔ نئی مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے بغیر الیکشن نہیں کرائے جاسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے بعد کوئی آئین اور قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ نئی ووٹر لسٹوں کے بغیر انتخابات ہوں۔