اسلام آباد : پیپلزپارٹی اے اے این پی رہنما زاہد خان کو منانے میں کامیاب نہ ہو سکی ، زاہد خان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی الیکشن سے قبل خیبرپختونخوا سے بڑی وکٹ گرانے میں ناکام رہی، ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی ترجمان اے این پی زاہد خان کو منانے میں کامیاب نہ ہو سکی، زاہد خان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی۔
پی پی ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی رہنماوں کی زاہد خان سے تین ملاقاتیں ہوئیں، زاہد خان کے پیپلزپارٹی سے معاملات طے پانے کے قریب تھے، پی پی رہنماوں نے مرکزی قیادت کو معاملے کا حصہ بننے کی درخواست کی۔
ذرائع نے کہا کہ پیپلزپارٹی قیادت نے زاہد خان کے معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا، پی پی قیادت کی عدم دلچسپی پر رہنماوں نے زاہد خان سے رابطے چھوڑ دیئے۔
ذرائع کے مطابق پی پی قیادت سے قبل صدر اے این پی کے پی ایمل ولی متحرک ہوئے، صدرعوامی نیشنل پارٹی کے پی زاہد خان کو منانے انکے گھر گئے اور اے این پی قیادت نے زاہد خان کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
زاہد خان کے اے این پی قیادت کی پالیسیوں بارے تحفظات تھے اور قیادت کی یقین دہانی پر زاہد خان نے اے این پی چھوڑنے کا ارادہ ترک کر دیا۔