اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شہباز شریف کی حکومت نے پی پی کو پرکشش آفرز کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی پی سے ایک بار پھر رابطہ کیا گیا ہے، رابطہ ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت نے کیا، اور پی پی کو مذاکرات سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔
پی پی ذرائع کے مطابق حکومت نے انھیں پرکشش آفرز کی ہیں، تاہم پارٹی نے وفاقی حکومت کو صاف جواب دے دیا ہے، اور حکومت کی تمام پیشکشیں مسترد کر دیں، پیپلز پارٹی نے لنک کینالز سے متعلق مطالبے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی پی کا مؤقف تھا کہ نہروں کا فیصلہ واپس لینا پی پی کا یک نکاتی مطالبہ ہے، اور وہ نہروں کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، نیز پی پی نے حکومت سے آفرز کی بجائے سی ای سی بلانے کا مطالبہ کیا۔
حکومت کی اہم قانون سازی میں پیپلز پارٹی سے تعاون کی اپیل
ذرائع نے آفرز کے حوالے سے بتایا کہ ان کا تعلق ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھاری فنڈنگ سے ہے، حکومت نے سکھر موٹر وے کے لیے بھی فنڈز فراہمی کی یقین دہانی کرائی، ذرائع کے مطابق پی پی کو سندھ، بلوچستان کے منصوبے پی ایس ڈی پی میں لینے کی بھی آفر کی گئی ہے۔
پی پی نے حکومت کو جواب میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا جینا مرنا دریائے سندھ کے ساتھ ہے، پارٹی جیے گی تو ہی ڈیولپمنٹ ہو سکے گی، ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 اپریل سے سڑکوں پر دمادم مست قلندر کرے گی، اگر حکومت نے مجبور کیا تو فیصلے سڑکوں پر عوام کے ساتھ کیے جائیں گے۔