کراچی : پیپلز پارٹی لیاری کے باغی رہنما اور عزیرجان بلوچ کاقریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا،حبیب جان بلوچ کا کہنا ہے کہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کراچی آيا ہوں، میں اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی اور پی پی لیاری کے باغی رہنما حبیب جان نجی ائر لائن کے ذریعے لندن سے کراچی پہنچے، ایف آئی اے حکام نے ایک گھنٹے تک تفتیش کی اور حبیب جان بلوچ کلیئرنس ملنے کے بعد باہر آنے کی اجازت دی گئی۔
کراچی ائير پورٹ پر میڈیا سے بات چيت کرتے ہوئے حبیب جان بلوچ نے کہا کہ کل ميں چلا گيا تھا کيونکہ مجھ کو عدالت پر بھروسہ نہيں تھا آج عدالتيں اچھا کام کر رہی ہيں ، برطانیہ کی نیشنیلٹی چھوڑ کر وطن آیا ہوں، عدالتوں پر اعتبار ہے ، اس لیے واپس آیا ہوں، میں اپنےخلاف قائم مقدمات کا سامنا کروں گا۔
انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنے ان کاانصاف کیا جائے،،ظفربلوچ لیاری کو بدلناچاہتا تھا جبکہ جتنے کام عزیربلوچ نے کرائے ان کا اندازہ کرلیں، لیاری میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔
حبیب جان بلوچ کا کہنا تھا کہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کراچی آيا ہوں، جب تک زرداری صاحب ہیں میں پی پی پی میں نہیں جاؤں گا، پی ایس پی،تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں سے بھی ملوں گا،کراچی کو نقصان پہنچانے والی پارٹی سے ہاتھ نہیں ملا سکتا۔
عزیر بلوچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عزير بلوچ کا کيس ميں نہيں لڑوں گا تو کون لڑے گا، عزیربلوچ میرا دوست نہیں، میرا بھائی ہے، مصطفی کمال ہمارے دعاوں کا نتیجہ ہے۔
یاد رہے کہ حبیب جان بلوچ پانچ سال قبل لیاری آپریشن کے دوران لندن فرار ہوگیا تھا اور انتخابات میں حصہ لیا تھا جبکہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔