لاہور: پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے شیخ رشید کے حالیہ بیان کو بلاول کے خلاف دھمکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قتل کی دھمکی کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔
چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ شیخ رشیدکاحالیہ بیان دھمکی ہے اسے پیپلزپارٹی کی قیادت بہت زیادہ سنجیدگی سے لے رہی ہے، قتل کی دھمکی بہت حساس معاملہ ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کو جس طرح دھمکی دی گئی تھی یہ بھی بالکل اُسی طرح ہے،شیخ رشیدکےخلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے قانونی مشاورت جاری ہے۔
چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ حکومت کی منشا نہیں تو وہ شیخ رشید کو کابینہ سے نکال کرکارروائی کرے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کو مشورہ دوں گا کہ دھمکی کے معاملے پر اعلیٰ قیادت کا اجلاس طلب کر کے حکمتِ عملی بنائی جائے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ’بلاول اگر سیاسی میدان میں بچ کر نہیں چلے تو مارے جائیں گے‘۔
شیخ رشید احمد کے بیان میں کہیں بھی قتل کا لفظ استعمال نہیں کیا گیا تھا بلکہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے بلاول کو مشورہ دیا گیا تھا۔