کراچی : لیاری کے علاقے میں گزشتہ رات ہونے والے مظاہرے کے دوران پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیدار کے دفتر پر حملے میں ملوث 20افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ملزمان نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پرلیاری کے علاقے بغدادی میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ اس دوران مشتعل مظاہرین نے پیپلزپارٹی عہدیدار کے دفترمیں توڑپھوڑ کی تھی۔
پولیس کے مطابق دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : لیاری میں بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کی توڑ پھوڑ
یاد رہے کہ لیاری بغدادی کے علاقے میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بجلی گیس اور پانی کی عدم فراہمی کیخلاف پیپلزپارٹی کے علاقائی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور بعد ازاں دفتر میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔