کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں 45 پولیس جوان، افسران کرونا کا شکار ہوچکے ہیں، رینجرز کے 4 جوانوں کی کرونا رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس، رینجرز، ٹریفک پولیس کے جوانوں کے ساتھ بہتر سلوک کریں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز، ٹریفک پولیس کے جوان دن رات سڑکوں پر موجود ہیں، افسوس بعض شہریوں نے پولیس کے جوانوں کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکوں پر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کا مقصد ہمیں کرونا وبا سے محفوظ کرنا ہے، خدارا پولیس اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا پھیلاؤ روکنے کے لیے سندھ حکومت نے کئی مشکل فیصلے کیے، فیصلوں پر عملدرآمد طبی عملے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بغیر ممکن نہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ آئیے کرونا سے نمٹنے کے لیے سب مل کر جدوجہد کریں اور اپنے گھروں پر رہیں، اللہ تعالیٰ اس وبا سے ہمیں محفوظ رکھے، آمین۔
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 529 مریض زیر علاج ہیں، کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 ہزار 289 ہے جبکہ کرونا کے باعث اموات 335 ہوگئیں، صحت یاب مریضوں کی تعداد 3 ہزار 425 ہے۔