جمعرات, مارچ 13, 2025
اشتہار

پیپلز پارٹی کے رہنما کی (ن) لیگ پر لفظی گولہ باری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے ورکرز اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پر لفظی گولہ باری کر دی۔

شیخوپورہ میں ورکرز اجلاس سے خطاب میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ماضی ہے، حال اور نہ مستقبل ہے، جس (ن) لیگ کا ماضی ہے نہ مستقبل، وہ آج ہمیں باتیں سنا رہی ہے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ان کے ساتھ اتحاد میں بیٹھ کر ہمیں ان کے کیے کی سزا بھگتنی پڑ رہی ہے، آج خود سوزیاں کرنے اور کوڑے کھانے والا کارکن کمزور پڑ گیا ہے، پنجاب میں پیپلز پارٹی کو 45 برس سے اقتدار سے دور رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کو کامیاب بنانے کیلیے گھروں سے نکلو، خدارا اگر پیپلز پارٹی کمزور ہوگئی تو عام آدمی کیلیے آکسیجن ختم ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو مذاکرات پر مشاورت کے لیے مہلت دے دی

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک اور عام آدمی کیلیے کوئی آواز ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے، پیپلز پارٹی کو موقع دیں تاکہ وہ صوبے اور ملک کی خدمت کر سکے، ایک آدمی کا بیروزگار ہونا بھی پیپلز پارٹی کی ناکامی ہے۔

گزشتہ روز ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان اعلیٰ سطح رابطہ ہوا تاہم پنجاب پاور شیئرنگ فارمولہ مذاکرات کی کامیابی میں رکاوٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی پیپلز پارٹی قیادت سے ملاقات ہوئی، صدر مملکت آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی ملاقات میں شریک تھے۔

’پنجاب پاور شیئرنگ فارمولہ پی پی ن لیگ مذاکرات کی کامیابی میں رکاوٹ ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات تاحال طے نہیں ہوسکے ہیں۔‘

(ن) لیگ نے مشاورت کیلیے جنوری کے دوسرے ہفتے تک کی مہلت مانگ لی۔ پی پی قیادت کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے تحریری معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری مذاکرات پرغور ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کے مطالبات اور تحفظات پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پاور شیئرنگ فارمولے کے نکات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، اسحاق ڈار نے پی پی قیادت کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں