کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، سندھ کے کسی شہر کو اسلام آباد کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج کراچی پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت کراچی پر وفاق کے قبضے اور سندھ کے بٹوارے کے خلاف احتجاج کیا گیا، رہنماؤں نے کہا کہ سندھ توڑنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کو دھمکیاں نہ دی جائیں، اور قبضے کی باتیں بھی نہ کی جائیں، بہ صورت دیگر پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم اور ایم آر ڈی سے بڑی تحریک چلائے گی۔
کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں نے ایک بار پھر سندھ میں نئے صوبے کی بات کی ہے، یہ لوگ نفرتیں پھیلا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کرے گی تو نہ ایم کیو ایم کو مانتے ہیں نہ ایم کیو ایم کی سیاست کو تسلیم کرتے ہیں۔
کراچی میں 2 ہفتوں کے دوران منصوبے شارٹ لسٹ کر کے کام شروع کر دیا جائے گا: اسد عمر
دریں اثنا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی رہنما نثار کھوڑو سے رابطہ کر کے سندھ بھر میں بڑے احتجاجی مظاہروں پر انھیں اور دیگر رہنماؤں کو سراہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں سندھ بھر میں بڑے احتجاجی مظاہرے کرنے پر عہدے داران اور پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پارٹی ورکرز سیاسی جماعت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں، پورے ملک میں پارٹی کو مضبوط کرنے کا وقت آ گیا ہے۔