پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے ہیں وہ مقامی نجی اسپتال میں زیر علاج تھے تدفین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر کراچی کے اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں اور اس کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کر دی ہے۔
ان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنماؤں میں کیا جاتا تھا اور وہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے جنرل سیکریٹری، پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی تھے۔ اس کے علاوہ وہ پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری بھی رہے۔
اہل خانہ کے مطابق تاج حیدر کچھ عرصہ سے علیل اور مقامی نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ناہید وصی کے مطابق تاج حیدر کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
تاج حیدر سیاست کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہے۔ وہ شاہراہ فیصل پر خصوصی بچوں کو تعلیم بھی دیتے تھے۔ انہیں 2013 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر سیاستدانوں نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔