اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن ’عزم استحکام‘ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کو جواب دینا ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عزم استحکام آپریشن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی زیرِ صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن کا معاملہ زیرِ غور آیا تھا، پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور اس کی حمایت کی۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہے، ہماری جماعت نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عزم استحکام آپریشن کو وقت کی ضرورت سمجھتی ہے، قوم امن کیلیے 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کر چکی ہے، دہشتگردی کے خلاف کارروائی ضروری ہے جسے بلیک میلنگ کر کے روکا نہیں جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن ملک کی ترقی کا ضامن ہے ہم سب نے مل کر ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے تک ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی شہری خود کو محفوظ تصور کر سکتے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن پر سیاسی فریقین کو آن بورڈ نہیں لیا گیا، سیاسی فریقین کو عزم استحکام آپریشن پر اعتماد میں لیا جانا ضروری ہے، آن بورڈ لئے جانے پر سیاسی فریقین آپریشن کی ذمہ داری لیں گے۔